پی ایس او کے تعاون سے بنجوسہ ویلی پبلک اسکول کی نئی عمارت کی تعمیرکا آغاز

Date: 2019-05-15
بنجوسہ ویلی پبلک اسکول کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا آغازہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پی ایس او کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر /چیف فنانشل آفیسر اور چیئرمین پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ جناب یعقوب ستار مہمانِ خصوصی تھے۔ پی ایس او سی ایس آر کے دیگر ممبران نے بھی تقریب میں شرکت کی جن کا استقبال ڈاکٹر ظفر اقبال قادر، چیئرمین کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن ٹرسٹ اور فاؤنڈیشن کے دیگر نمائندوں نے کیا۔ پاکستان میں غیر مراعات یافتہ طبقے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ پاکستان کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے کشمیر میں بنجوسہ ویلی پبلک اسکول کیلئے کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے تقریباََ 8.2ملین روپے کا عطیہ دیا۔ پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ نے یہ فنڈنئی عمارت کے گراؤنڈ فلور کی تعمیر کیلئے فراہم کیا ہے۔ کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن (کے ای ایف) ایک تعلیمی ٹرسٹ ہے جو دو دہائیاں پہلے،پاکستان کے دیہی علاقوں میں معیاری اور جدید تعلیم کیلئے انگریزی میڈیم کااسکولز کے تعمیر کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ جناب یعقوب ستاراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ”مجھے کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بنجوسہ ویلی پبلک اسکول کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کے آغاز کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ تعلیم معاشرے کے ہر بچے کا پیدائشی حق ہے۔کمپنی معاشرے کی بہتری کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہے اور معاشرے کی فلاح کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ پی ایس او اکثر وبیشتر دور دراز علاقوں میں پہنچ کربنیادی انسانی حقوق جیسے صحت اور تعلیم کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کرتی ہے۔“ ”ہم سماجی ترقی کے کاموں میں سرمایہ کاری پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور ایسے اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں جوبہتر مستقبل کی تعمیر کیلئے پاکستان میں سماجی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔پی ایس او نے کے ای ایف کے اشتراک سے اس خطے میں نوجوانوں کے لئے سیکھنے اورآگے بڑھنے جیسے عظیم مقصد کیلئے خدمات کا بیڑا اٹھایا ہے۔ہمیں ان کے اس مشن میں شرکت سے خوشی محسوس ہورہی ہے جس میں طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کرکے ایک بہتر ماحول تشکیل دینے کا قدم اٹھایا گیا ہے۔میں نسلِ نو کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے پرکے ای ایف کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ہماری تمام نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔“ ڈاکٹر ظفر اقبال قادر، چیئرمین، کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے خطاب میں کہا: ”کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے میں تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم بنجوسہ ویلی اسکول کی تعمیر کیلئے پی ایس اوکے اس خطیر عطیہ کے لئے شکر گزار ہیں۔مجھے یقین ہے کہ ان کے تعاون سے ہم طالب علموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو معیاری تعلیم فراہم کرکے ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوں گے۔“ ایک صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول میں جدید سہولتوں کے ساتھ پی ایس او اور کے ای ایف کو امید ہے کہ وادیء کشمیر کے لوگ معیاری تعلیم سے استفادہ کریں گے۔