کاغان میموریل اسکول فار بوائز میں پی ایس او بلاک کا افتتاح

Date: 2018-12-31
پی ایس او بلاک کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی 10 ملین روپے کی مالی معاونت سے تعمیر کیا گیا ہے

تعلیم ایک ایسا عمل ہے جو ہماری قوم کے مستقبل کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چیئرمین پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ

پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ کے چیئرمین یعقوب ستار نے کاغان میموریل اسکول، ضلع مانسہرہ، خیبر پختونخوا میں پی ایس او بلاک کا افتتاح کیا جو پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے فراہم کی جانے والی 10 ملین روپے کی مالی معاونت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ ضلع مانسہرہ سے رکن قومی اسمبلی صالح محمد، کاغان میموریل ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی خرم خان، اساتذہ، طلباء، والدین اور مقامی ممتاز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

پی ایس او بلاک مڈل اسکول فار بوائز چار کلاس رومز، ایک اسٹاف روم، سٹوریج اور اساتذہ و طلباء کے لئے واش روم کی سہولیات پر مشتمل ہے۔ یہ چار کلاس رومز 120 طلباء کیلئے ہیں جو عارضی کلاس رومز میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ یہ سہولت یہاں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء کو کئی برسوں تک مستفید کرے گی اور وہ معیاری تعلیم کے ذریعے ایک بہتر زندگی کیلئے اپنی خواہشات کی تکمیل کریں گے۔

پی ایس او 2007ء سے کے ایم ٹی اسکول کا سپورٹر ہے اور کئی برسوں سے وادی سِرن کاغان جو 2005ء کے خوفناک زلزلہ کے باعث تباہ ہو گئی تھی، کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے مشن کیلئے اس کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ کے چیئرمین یعقوب ستار نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا:

’’پی ایس او سمجھتا ہے کہ تعلیم ایک ایسا عمل ہے جو ہماری قوم کے مستقبل کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کا حق حاصل ہے، قطع نظر اس بات کے کہ ان کے حالات کیا ہیں؟ پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ کاغان میموریل ٹرسٹ سمیت تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے والے متعدد فلاحی اداروں کی معاونت کر رہا ہے۔ ہم پاکستان کی مستقبل کی نسلوں کو تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر سال کارپوریٹ فلاحی بجٹ کا ایک بڑاحصہ خرچ کرتے ہیں۔ ‘‘

’’پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ کی جانب سے کاغان میموریل اسکول کی ترقی کیلئے مسلسل تعاون ایک ایسی مثال ہے جو کمیونٹی بلڈنگ اور معاشرے کے محروم طبقات کے ارتقاء کیلئے کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘

کاغان میموریل ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی خرم خان نے کہا :

’’ہم پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ کے ساتھ شراکت داری پر مسرت کا اظہار کرتے ہیں جو پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کو معیاری تعلیم تک رسائی کے حصول کو یقینی بنائے گی۔ میں وادی کاغان کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے کاغان میموریل اسکول کی مدد کیلئے پی ایس او کے کردار کو سرا ہتاہوں۔‘‘