پی ایس او کا مستحق مریض بچوں کیلئے آغاخان یونیورسٹی ہسپتال میں علاج کیلئے عطیہ

Date: 2018-01-05
پی ایس او کا مستحق مریض بچوں کیلئے آغاخان یونیورسٹی ہسپتال میں علاج کیلئے عطیہ
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کی کمپنی پاکستان اسٹیت آئل نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کو 20ملین روپے کا عطیہ دیا ہے جو نادار طبقے سے تعلق رکھنے والے کم از کم 40بچوں کے علاج پر خرچ ہوگا جو پیدائشی طور پر دل کی پیچیدہ بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس بات کا اعلان ہسپتال میں اس سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب میں کیا گیا۔

دل کی یہ پیچیدہ بیماری ایک ایسی بیماری ہے جوبچے کی پیدائش کے وقت اس کے دل میں نقص کے سبب ہوتی ہے۔ پاکستان میں ہرسال پیدا ہونے والے بچوں میں تقریباََ 60,000بچے اس مہلک بیماری کاشکار ہوتے ہیں۔پی ایس او ، سی ایس آر ٹرسٹ کی جانب سے یہ عطیہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کی پیشنٹس بہبود سوسائٹی کے ذریعہ دیا گیا۔پی بی ایس ایک چیریٹیبل سوسائٹی ہے جو زکوٰۃجمع کرکے آغاخان یونیورسٹی ہسپتال ، اس کے کلینکس اور میڈیکل سینٹرز پرمستحق مریضوں میں علاج کے لئے قیمتی دواؤں کی خریداری کیلئے تقسیم کرتی ہے۔

اس موقع پر پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای اوشیخ عمران الحق نے پی ایس او ، سی ایس آرٹرسٹ کی جانب سے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کی پیشنٹس بہبود کمیٹی کے چیئرمین جناب ندیم مصطفےٰ کو عطیہ کا چیک پیش کیا۔ جناب عمران رانا، ڈپٹی جنرل منیجر ، کارپوریٹ کمیونی کیشنز، پی ایس او اور جناب ندیم مصطفٰے خان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔اس تقریب میں جناب ہنس کیڈزرسکی (Hans Kedzierski)،سی ای او آغا خان یونیورسٹی ہسپتال پاکستان ، جناب بابر حمید چوہدری ، پی ایس او سی ایس آر ٹرسٹ کے ٹرسٹی اور دونوں اداروں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس تقریب سے خظاب کرتے ہوئے پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای او شیخ عمران الحق نے کہا:

’’یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان میں ہر سال 50,000سے60,000بچے دل کی اس پیچیدہ بیماری کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جن میں کئی مناسب طبی امداد نہ ملنے کے سبب شیرخواری کی عمر میں ہی ہلاک ہوجاتے ہیں۔پی ایس او میں ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بچے قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اس لئے یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ان کو بلاکسی طبقاتی امتیاز کے معیاری علاج کی سہولتیں فراہم کریں۔‘‘

’’پی ایس او کو اپنے سی ایس آر ٹرسٹ کے ذریعہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال اور اس کی پیشنٹس بہبود سوسائٹی کے ساتھ اشتراک پر خوشی محسوس ہورہی ہے اور ہم اپنے صحت، تعلیم اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے اقدام کے تحت بچوں کی قیمتی زندگی بچانے کیلئے لئے کارپوریٹ عطیہ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔‘‘

جناب ندیم مصطفی خان، چیئرمین، پیشنٹس بہبود سوسائٹی برائے آغاخان یونیورسٹی ہسپتال نے پی ایس اوکے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا:

’’ آغاخان یونیورسٹی ہسپتال ایک شفاف طریقہء عمل کا ہسپتال ہے اور ہم جو رقم ضرورتمند مریضوں کے علاج پر خرچ کرتے ہیں ایک مقررہ طریقے کے مطابق عطیہ کرنے والے کو اس کا حساب پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ2016میں AKUHنے2.3بلین پاکستانی روپے فراہم کئے جس سے پیشنٹس ویلفیئر اینڈ پیشنٹس بہبود سوسائٹی پروگرامز کے تحت 700,000سے زیادہ مستحق مریضوں کو فائدہ پہنچا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ2017میں اس میں 20%سے زیادہ اضافہ ہوگا۔‘‘

ڈاکٹر بابر حسن، سروس لائن چیف، چلڈرن ہسپتال، AKUHنے کہا:

’’ آغاخان یونیورسٹی ہسپتال ملک کے بچوں کو معیاری صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے عزم پر کاربندہے اور اس سلسلے میں اپنا بھرپورکردار ادا کررہا ہے جس میں نہ صرف فیس ادا کرنے والے مریضوں کو مکمل سہولت دی جاتی ہے بلکہ بڑی تعداد میں ضرورت مند مریضوں کی مالی مدد بھی کی جاتی ہے۔‘‘

جناب ہینس کڈزیئرسکی (Hans Kedzierski)، سی ای او آغاخان یونیورسٹی ہسپتال ، نے کہا:

’’ آغاخان یونیورسٹی ہسپتال ملک کا تیسرا بڑا ہسپتال ہے جو مریضوں کو محفوظ اور اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ہمارے معیارکو دنیا کے نامور ادارےJCIA(جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل)QIC,(کوالٹی امپروومنٹ کیلیبریشن)،CAP(کالج آف امریکن پیتھالوجسٹس) وغیرہ باقاعدگی سے جانچ کرتے ہیں۔‘‘
PSO

Participate in the quick survey for a chance to win an amazing prize!

Participate